اڈپی،8؍جون (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے سوشیل ویلفئیر ڈپارٹمنٹ اینڈ بیک ورڈ کلاس ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کوٹا سرینواس پجاری نے اُڈپی بی جے پی دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوج میں بھرتی سے قبل جوانوں کی تربیت کے لئے اتر کنڑا ، اڈپی اور دکشن کنڑا میں ٹریننگ سینٹرز کا قیام عمل میں آئے گا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ دکشن کنڑا میں جو تربیتی مرکز ہوگا اس کا نام "کوٹا چینیّا"، اڈپی مرکز کا نام "رانی ابّکّا" اور شمالی کینرا کے تربیتی مرکز مجاہد آزادی "ہینجا نائک " سے موسوم ہوگا ۔ ان مراکز میں پہلے مرحلے کے طور پر صرف نوجوانوں کو ہی تربیت دی جائے گی ۔ یہ کورس 6 مہینے کا ہوگا اور 50 افراد کے لئے ہوگا ۔ اس طرح سال میں 100 افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی۔